15/05/2026
پریس ریلیز
گرینڈ ہیلتھ الائنس (GHA) اینڈ آل ریگولر ایمپلائز MTI بنوں
السلام علیکم
گرینڈ ہیلتھ الائنس ایم ٹی آئی بنوں اور تمام ریگولر ملازمین کی جانب سے بنوں کے عوام، علماء کرام، مشران، وکلاء، میڈیا نمائندگان اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو یہ واضح پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم کبھی بھی نہیں چاہتے کہ ہمارے عوام کو تکلیف پہنچے یا مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے، خصوصاً موجودہ حالات میں جب بنوں بدامنی جیسے سنگین مسائل سے گزر رہا ہے۔
دو دن قبل گرینڈ ہیلتھ الائنس نے انتظامیہ کو واضح الٹی میٹم دیا تھا کہ اگر ہمارے جائز مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ہم مجبوراً او پی ڈی سروسز اور دیگر سروسز کے بائیکاٹ سمیت سخت احتجاجی اقدامات کی طرف جائیں گے۔
ہم نے ہمیشہ مذاکرات، درخواستوں اور پرامن طریقے کو ترجیح دی۔ متعدد بار میٹنگز کیں، اپلیکیشنز دیں، انتظامیہ کو اعتماد میں لیا، مگر ہر بار ہمارے مسائل کو سنجیدگی سے نہیں لیا گیا۔
آج ایک مرتبہ پھر ہسپتال انتظامیہ کی درخواست پر ہم مذاکرات کے لیے بیٹھے، جس میں ہسپتال ڈائریکٹر، میڈیکل ڈائریکٹر، ڈائریکٹر فنانس، ڈین، اور بورڈ آف گورنرز کے نمائندے موجود تھے۔ مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ تمام متعلقہ افسران نے خود اس بات کا اعتراف کیا کہ ہمارے مطالبات جائز ہیں، لیکن وہ بےبس ہیں کیونکہ تمام فیصلے چیئرمین بورڈ آف گورنرز کی جانب سے کیے گئے ہیں اور انہی کے اختیار میں ہیں۔
اگر ادارے کے تمام ذمہ دار افسران یہ کہہ رہے ہیں کہ ملازمین کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے، لیکن پھر بھی ایک شخص اپنی من مانی پر قائم ہے، تو اس کے نتائج اور اس سے پیدا ہونے والی صورتحال کی تمام تر ذمہ داری چیئرمین بی او جی پر عائد ہوگی۔
ہم ایک بار پھر عوامِ بنوں سے اپیل کرتے ہیں کہ ہمارے ساتھ کھڑے ہوں، کیونکہ یہ صرف ملازمین کا مسئلہ نہیں بلکہ پورے صحت کے نظام اور عوامی مفاد کا مسئلہ ہے۔
ہمارے مطالبات میں تمام ملازمین کے سروس سٹرکچر کی بحالی، تنخواہ میں قومی اور صوبائی بجٹ کا مجوزہ اور سالانہ اضافہ، سی پی فنڈ/جی پی فنڈ کا منصفانہ اور شفاف نظام اور اس کی عملداری، دوران سروس وفات پانے والے ملازمین کے غم زدہ خاندانوں کی مستقل بنیادوں پر مالی معاونت کے منصوبے کا قیام، عمر رسیدہ ملازمین کے بہبود کے لیے حکومتی پروگرام کا نفاذ اور شئیرز کا اجرائے نو شامل ہیں
اگر پیر تک ہمارے جائز مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو گرینڈ ہیلتھ الائنس ایم ٹی آئی بنوں سخت احتجاجی لائحہ عمل اپنائے گی، جس میں او پی ڈی سروسز وڈرال، احتجاج، پریس کانفرنسز اور دیگر اقدامات شامل ہوں گے۔ تمام ریگولر ایمپلائز کے نمائندگان آنے والے اتوار کی رات باہمی مشاورت کے بعد ان شاء اللہ آئندہ کے مکمل لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
ہم عوام کی تکلیف نہیں چاہتے، مگر مسلسل ناانصافی نے ہمیں اس مقام تک پہنچا دیا ہے۔
شکریہ
گرینڈ ہیلتھ الائنس (GHA)
اینڈ آل ریگولر ایمپلائز MTI بنوں