24/05/2026
گناہ کیسے چھوڑے جائیں؟
حج کر کے آنے والے حاجی سے توقعات لگا لی جاتی ہیں کہ یہ انسان اب بلکل بدل جائے گا، ہر شخص اسے judgmental نگاہوں سے دیکھتا ہے، اسے کھوجتا ہے، اس کے دن رات کو چیک کرتا ہے۔۔
حج آپ کے اندر کی تبدیلی کا سفر ہے، خدا کی قربت پانے کا سفر ہے، گناہوں کی معافی کا وقت ہے، خدا سے اپنی دنیا اور آخرت کی بھلائیاں مانگنے کا وقت ہے، مستقل دعاؤں کا سلسلہ ہے!!
انسان خود سے بھی تمنا کرتا ہے کہ میں وہ سب چھوڑ پاؤں گا جو آج سے پہلے کبھی نہ چھوڑ سکا۔ نمازیں بہتر کرلوں گا۔ معاملات سنبھال لوں گا!!اتنی ساری نیک تمناؤں کے ہجوم میں یہ بھول جاتا ہے کہ تبدیلی ایک مستقل سفر کا عمل ہے ۔ انسان اچانک نہیں بدلتا لیکن ہاں!! تبدیلی کا بیج اگر آہستگی سے ارادے،کوشش ،عاجزی اور دعا کے ساتھ بویا جائے اور پورے اخلاص کے ساتھ اس کو جاری رکھا جائے تو تبدیلی یقیننا آتی ہے ۔
حج کے سفر کے دوران ہماری معلمہ نے بڑا پیارا طریقہ سکھایا۔ جو میں آج آپ سب کے ساتھ شئیر کر رہی ہوں کیونکہ جو علم بانٹ لیا جائے وہ ہمیشہ کے لئے آپ کی ذات کا حصہ بن جاتا ہے۔
آپ کا حج واقعی حج مبرور بن جائے ، اس کے لئے ایمانداری سے اپنے گناہوں کی لسٹ بنائیے کہ وہ کون کون سے گناہ ہیں جو آپ کے اندر موجود ہیں؟؟
کہیں آپ جھوٹ تو نہیں بولتے؟
غیبت تو نہیں کرتے ؟
صلہ رحمی کا خیال؟
ماں باپ کے ساتھ حسن سلوک؟
طعنہ دینا۔۔
ناشکری۔۔
شکایت۔۔
مایوس رہنا۔۔
اور آپ اس کے آگے اپنی اپنی لسٹ بنا لیں !
اب اللہ پاک سے خلوص نیت کے ساتھ دعا کیجئے اور تہیہ کیجئے کسی ایک کام کے بارے میں!! اس گناہ کو میں مرتے دم تک نہیں کروں گا
اور ساتھ ساتھ اللہ سے مدد مانگتے رہئیے کہ وہ آپ کے اس فیصلے میں برکت ڈال دے اور آسان فرمادے۔
یہ ایک چھوٹی سی مگر practical tip ہے جو آپ کے لئے تبدیلی کے اس سفر کو با برکت بنائے گی۔
منی کی روانگی کا وقت قریب آتا جارہا ہے آپ سب سے دعاؤں کی درخواست ہے!!
فائزہ اسلم
فیملی کاؤنسلر سائکوتھراپسٹ