01/06/2026
برج جوزا۔۔۔۔۔۔۔۔
اس نام کو سن کر ذہن میں سب سے پہلے جو تصویر ابھرتی ہے وہ ایک ایسے انسان کی ہے جو ہر محفل میں موجود ہے۔ ناصرف ہر بات پر رائے رکھتا ہے اور ہر کسی کو اپنی طرف کھینچ لیتا ہے مگر جب آپ اسے واقعی پکڑنا چاہیں تو وہ پہلے سے کہیں اور جا چکا ہوتا ہے۔
عطارد کے زیر اثر اس کا ذہن ایسی رفتار سے چلتا ہے جو عام آنکھوں کو نظر نہیں آتی۔ الفاظ اس کے ہتھیار ہیں اور تجسس اس کا ایندھن ہے۔ دنیا اس کے لیے ایک ایسی کتاب ہے جو کبھی ختم نہیں ہوتی۔ جوزا سے بحث مت کرو جب تک تیار نہ ہو وگرنہ یہ وہ لڑائی ہو گی جو آپ شروع کریں گے اور وہ جیتے گا۔
لوگ سمجھتے ہیں کہ جوزا کے دو چہرے ہیں مگر حقیقت یہ ہے کہ اس کے پاس ہر موقع کے لیے ایک الگ دنیا ہے۔ وہ ایک وقت میں کئی خیالوں کو جیتا ہے، کئی راستوں پر بیک وقت چلتا ہے، اور یہی اس کی سب سے بڑی طاقت بھی ہے اور سب سے گہرا زخم بھی۔ میں نے جتنے جوزا افراد دیکھے ہیں ان میں ایک چیز مشترک تھی کہ وہ سب سے زیادہ بات کرتے تھے مگر سب سے کم سمجھے جاتے تھے۔ جو لوگ اسے سطحی سمجھتے ہیں وہ نہیں جانتے کہ اس کی گہرائی میں ایک ایسا انسان بستا ہے جو سب سے زیادہ سمجھنا چاہتا ہے اور سب سے کم سمجھا جاتا ہے۔
جذبات کے معاملے میں جوزا ایک عجیب تضاد ہے۔ وہ ذہنی تعلق کے بغیر محبت کا تصور نہیں کر سکتا، مگر اپنی آزادی کو قید کرنے دینا بھی اسے گوارا نہیں۔ جوزا کو پانا ہو تو پہلے اس کا ذہن جیتو کیونکہ دل تو بعد میں آتا ہے۔ ایک دن وہ آپ کا سب سے قریبی ہم راز ہوگا، دوسرے دن ایسے لگے گا جیسے کبھی ملے ہی نہیں۔ اس کو ہم بے وفائی نہیں کہہ سکتے بلکہ یہ اس کی روح کی بے قراری ہے جو ٹھہرنا جانتی ہے مگر ٹھہرنا چاہتی نہیں۔
اور یہی وہ جگہ ہے جہاں جوزا خود اپنا سب سے بڑا دشمن بن جاتا ہے۔ ہزار دلچسپیاں مگر ایک پر قائم رہنے کی ہمت کم۔ ہزار شروعات مگر اختتام تک پہنچنے کا صبر نادر۔ جوزا کو ایک جگہ باندھنا ایسا ہے جیسے ہوا کو کمرے میں بند کرنا جو تھوڑی دیر تو چلے گی لیکن پھر گھٹن ہوگی۔ جب تک وہ اپنی بکھری ہوئی توانائی کو ایک سمت دینا نہیں سیکھتا، اس کی ذہانت ایک روشن شعلے کی طرح رہتی ہے جو دیکھنے میں خوبصورت ہے مگر جلاتی کسی کو بھی نہیں۔
جوزا کی اصل کہانی دو چہروں کی نہیں، دو دنیاؤں کی ہے۔ ایک جو وہ دکھاتا ہے، ایک جو وہ چھپاتا ہے۔ جوزا تب سب سے زیادہ خاموش ہوتا ہے جب اسے سب سے زیادہ سمجھے جانے کی ضرورت ہوتی ہے۔ اور جس دن یہ دونوں دنیائیں ایک ہو جائیں، اس دن جوزا کو کوئی روک نہیں سکتا۔