Dr Sajid Chaudhary

Dr Sajid Chaudhary Dr Sajid Chaudary is an ENDOCRINOLOGIST, DIABETOLOGIST and A Consultant Physician . He is Super Expert in Diabetes,Thyroid, Obesity and Hormonal Issues.

He has done MBBS,FCPS Medicine &
2nd FCPS Fellowship in Endocrinology and Diabetes!

08/09/2026

پاکستان آرمڈ فورسز زندہ باد
پاکستان پائندہ باد

ہوٹل فیلٹیز، ملتان میں ذیابیطس سے آگاہی کے حوالے سے علمی سیمینار کا انعقادملتان: ہوٹل فیلٹیز میں ذیابیطس سے آگاہی کے موض...
03/09/2026

ہوٹل فیلٹیز، ملتان میں ذیابیطس سے آگاہی کے حوالے سے علمی سیمینار کا انعقاد

ملتان: ہوٹل فیلٹیز میں ذیابیطس سے آگاہی کے موضوع پر Getz Pharma کی طرف سے ایک علمی سیمینار منعقد کیا گیا، جس میں جنرل پریکٹیشنرز اور جنرل فزیشنز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پروگرام کے سپیکر اینڈوکرائئولوجسٹ ڈاکٹر محمد ساجد چودھری تھے۔سیمینار کا بنیادی مقصد ذیابیطس کی بروقت تشخیص، مؤثر علاج اور انسولین کے درست استعمال کے حوالے سے معالجین کے علم میں اضافہ اور باہمی تجربات کا تبادلہ تھا۔

سیمینار کے دوران اس امر پر روشنی ڈالی گئی کہ پاکستان ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد کے اعتبار سے دنیا میں چوتھے نمبر پر ہے، اور یہ تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے، جس کے پیش نظر بروقت تشخیص اور مؤثر علاج انتہائی اہمیت اختیار کر چکے ہیں۔

شرکاء کو انسولین کے استعمال سے متعلق اہم نکات سے آگاہ کیا گیا، جن میں یہ شامل تھا کہ انسولین کب، کیسے اور کن مریضوں میں ضروری ہوتی ہے۔ عوام میں انسولین کے بارے میں پائے جانے والے غلط تصورات، جیسے سوئی لگنے کا خوف، انسولین شروع ہونے کے بعد اسے بند نہ کر سکنے کا تاثر، گردوں پر اس کے اثرات، کمزوری اور شوگر لو ہونے کی صورت میں مناسب مینجمنٹ پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔ مزید برآں، ذیابیطس کی علامات، احتیاطی تدابیر، جدید ادویات اور مریضوں کی مجموعی دیکھ بھال کے مختلف پہلوؤں پر بھی سائنسی انداز میں تبادلۂ خیال ہوا۔

سیمینار کے دوران حاضرین نے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا، سوالات کیے اور علمی گفتگو میں فعال شرکت کی، جس سے یہ پروگرام ایک کامیاب نالج شیئرنگ سیشن ثابت ہوا۔

اختتام پر یہ ضروری پیغام دیا گیا کہ جو لوگ ذیابیطس، موٹاپے، ہائی بلڈ پریشر، خون میں کولیسٹرول کی زیادتی یا غیر صحت مند طرزِ زندگی کا شکار ہیں تو بروقت اپنے معالج سے رجوع کریں۔ متوازن غذا، باقاعدہ ورزش، مناسب ادویات، ضرورت کے مطابق انسولین کا استعمال اور ڈاکٹر کی ہدایات پر عمل ہی ذیابیطس کی پیچیدگیوں سے بچاؤ کا مؤثر ذریعہ ہے۔

چند روز قبل رمادا ہوٹل، ملتان میں شائیگان فارماسیوٹیکل کے زیرِ اہتمام معدے اور خوراک کی نالی میں جلن (Acidity/GERD) کے م...
29/08/2026

چند روز قبل رمادا ہوٹل، ملتان میں شائیگان فارماسیوٹیکل کے زیرِ اہتمام معدے اور خوراک کی نالی میں جلن (Acidity/GERD) کے موضوع پر ایک معلوماتی سیمینار میں شرکت کا موقع ملا۔ اس تقریب میں نظامت کے فرائض انجام دینے کے ساتھ ساتھ اپنے خیالات کا اظہار بھی کیا۔

معدے اور خوراک کی نالی میں جلن ایک نہایت عام مسئلہ ہے، لیکن اسے معمولی سمجھ کر نظر انداز کرنا بعض اوقات سنگین نتائج کا سبب بن سکتا ہے۔ اس کی عام وجوہات میں مرچ مصالحے اور مروغن غذاؤں کا زیادہ استعمال، موٹاپا، تمباکو نوشی، بے قاعدہ طرزِ زندگی، رات گئے کھانا کھانا، اور بعض طبی بیماریاں شامل ہیں۔

سیمینار میں ماہرینِ امراضِ معدہ نے نہایت مفید گفتگو کی اور حاضرین کے سوالات کے تفصیلی جوابات دیے۔ اس موقع پر یہ بھی بتایا گیا کہ اگر سینے یا خوراک کی نالی میں جلن بار بار ہو، نگلنے میں دشواری پیش آئے، وزن بلا وجہ کم ہونے لگے، بار بار قے آئے، قے یا پاخانے میں خون نظر آئے، یا علامات ادویات کے باوجود برقرار رہیں، تو فوراً مستند ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے کیونکہ یہ کسی سنجیدہ بیماری کی علامت بھی ہو سکتی ہیں۔

شائیگان فارماسیوٹیکل کے بارے میں ایک ذاتی تجربہ بھی میرے لیے ہمیشہ یادگار رہے گا۔ تقریباً چار پانچ سال قبل ایک کام کے سلسلے میں راولپنڈی جانے کا اتفاق ہوا، جہاں شائیگان فارماسیوٹیکل نے اپنے مینوفیکچرنگ پلانٹ کے دورے کی دعوت دی۔ وہاں جدید مشینری، بین الاقوامی معیار کے مطابق کوالٹی کنٹرول، اور ادویات کی تیاری کا منظم نظام دیکھ کر میں واقعی متاثر ہوا۔ ایک پاکستانی ادارے کو اس معیار پر کام کرتے دیکھ کر خوشی اور فخر دونوں محسوس ہوئے۔

اس پوسٹ کے ساتھ موجود چند تصاویر اسی دورے کی یادگار ہیں، جبکہ کچھ تصاویر حالیہ سیمینار کی ہیں۔ امید ہے کہ اس معلوماتی نشست سے حاصل ہونے والا شعور معدے کی بیماریوں کی بروقت تشخیص، مناسب علاج اور صحت مند طرزِ زندگی اپنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

شائیگان فارماسیوٹیکل اور تمام ماہرینِ کرام کا شکریہ کہ انہوں نے صحتِ عامہ جیسے اہم موضوع پر آگاہی فراہم کرنے کا اہتمام کیا۔

25/08/2026

یادِ رفتگاں — آرمی پبلک کالج

کسی بھی طالب علم کی زندگی میں اس کا سکول اور کالج کا زمانہ ہمیشہ یادگار رہتا ہے، اور میرے لیے بھی یہی حقیقت ہے۔

آج تقریباً پچیس سال بعد اپنے مادرِ علمی آرمی پبلک کالج (جو اب آرمی پبلک سکول اینڈ کالج کہلاتا ہے) جانے کا موقع ملا۔ اپنے بھتیجے کی پی ٹی ایم کے سلسلے میں جب اس ادارے میں داخل ہوا تو یادوں کا ایک پورا جہان آنکھوں کے سامنے تازہ ہو گیا۔

سن 1999 میں جب ہمارا یہاں داخلہ ہوا تو آرمی پبلک کالج اپنی ابتدائی منزلوں میں تھا۔ ہمارا دوسرا بیچ تھا، جبکہ اس وقت آرمی پبلک سکول اور کالج الگ الگ ادارے تھے۔ 2001 میں ایف ایس سی مکمل کرکے ہم نے اسی ادارے سے رخصت لی۔ اُس زمانے میں طلبہ کی تعداد بہت کم تھی، چند ہی سیکشنز ہوتے تھے، مگر الحمدللہ آج انہی ساتھیوں میں سے بہت سے افراد مختلف شعبوں میں اعلیٰ عہدوں پر فائز ہیں۔

اس وقت کالج اپنے سفر کے آغاز میں تھا، جبکہ آج ماشاءاللہ یہی ادارہ مختلف جدید بلاکس اور عمارتوں پر مشتمل ایک مکمل تعلیمی مرکز بن چکا ہے، جہاں سکول اور کالج دونوں کی سطح پر ہزاروں طلبہ علم حاصل کر رہے ہیں۔

آج اس کی راہداریوں میں چلتے ہوئے اپنے زمانۂ طالب علمی، ایف ایس سی کے دنوں اور اُن خوبصورت یادوں نے دل کو ایک عجیب سی خوشی اور اپنائیت سے بھر دیا۔ یہی وہ دور تھا جس نے میرے میڈیکل کالج میں داخلے کی بنیاد رکھی اور زندگی کی سمت متعین کی۔

اسی یادگار موقع پر اپنے پرانے کلاس فیلوز اور دوستوں کے لیے چند تصاویر بھی محفوظ کیں تاکہ ہم سب اپنی مشترکہ یادوں کو ایک بار پھر تازہ کر سکیں۔

آرمی پبلک کالج زندہ باد!
پاکستان پائندہ باد! 🇵🇰

شوگر اور موٹاپے کا جدید علاج :  GLP-1 &GIP Analogues Tirzepatide مختلف طبی شعبوں میں ٹرزیپاٹائڈ کا ابھرتا ہوا کردارپاکست...
22/08/2026

شوگر اور موٹاپے کا جدید علاج :
GLP-1 &GIP Analogues
Tirzepatide مختلف طبی شعبوں میں ٹرزیپاٹائڈ کا ابھرتا ہوا کردار

پاکستان میں GLP-1 اور GIP اینالاگز گزشتہ کچھ عرصے سے معالجین اور عوام دونوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ اگرچہ ان ادویات کا بنیادی استعمال ٹائپ 2 ذیابیطس اور موٹاپے کے علاج میں ہے، تاہم حالیہ سائنسی شواہد نے یہ واضح کیا ہے کہ ان کے فوائد قلبی امراض، معدے و جگر کی بعض بیماریوں اور دیگر میٹابولک عوارض تک بھی پھیل رہے ہیں، جس کے باعث مختلف میڈیکل سپیشلٹیز میں ان کے استعمال پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ ⁠

اسی تناظر میں فیروز سنز کے زیرِ اہتمام رمادا ہوٹل، ملتان میں GLP-1 اور GIP ریسیپٹر ایگونسٹ ٹرزیپاٹائڈ (Tirzepatide) کے موضوع پر ایک بین الشعبہ جاتی سائنسی نشست کا انعقاد کیا گیا۔ اس نشست میں اینڈوکرائنولوجی، کارڈیالوجی، گیسٹرواینٹرولوجی اور جنرل پریکٹس سمیت مختلف شعبہ ہائے طب سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے شرکت کی اور ٹرزیپاٹائڈ کے سائنسی، طبی اور عملی استعمال کے مختلف پہلوؤں پر اپنے تجربات اور آراء پیش کیں۔

شرکاء نے اس بات پر تبادلۂ خیال کیا کہ ٹرزیپاٹائڈ، جو GLP-1 اور GIP دونوں ریسیپٹرز پر اثر انداز ہونے والی پہلی دوا ہے، نہ صرف خون میں شوگر کے مؤثر کنٹرول اور وزن میں کمی میں مددگار ثابت ہو رہی ہے بلکہ متعدد مریضوں میں قلبی و میٹابولک خطرات کو کم کرنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے-

نشست کا بنیادی مقصد مختلف طبی شعبوں کے ماہرین کے درمیان سائنسی معلومات کا تبادلہ، ٹرزیپاٹائڈ کے مناسب اور محفوظ استعمال کے حوالے سے آگاہی میں اضافہ، اور ایسے مریضوں کے لیے بہترین علاج کے انتخاب پر گفتگو تھا جو موٹاپے، ذیابیطس یا دیگر متعلقہ میٹابولک بیماریوں کا شکار ہیں۔

اس نوعیت کی علمی نشستیں معالجین کو جدید تحقیق اور بین الاقوامی رہنما اصولوں سے ہم آہنگ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، جس کا حتمی فائدہ مریضوں کو بہتر، محفوظ اور مؤثر علاج کی صورت میں پہنچتا ہے

گزشتہ روز مجھے Searle فارما کی جانب سے بطور اسپیکر ایک علمی سیشن میں شرکت اور Tirzepatide پر پریزنٹیشن دینے کا اعزاز حاص...
20/08/2026

گزشتہ روز مجھے Searle فارما کی جانب سے بطور اسپیکر ایک علمی سیشن میں شرکت اور Tirzepatide پر پریزنٹیشن دینے کا اعزاز حاصل ہوا۔ اس سیشن میں مختلف اسپیشلٹیز سے تعلق رکھنے والے معزز ڈاکٹرز نے شرکت کی۔

اپنی گفتگو میں میں نے Tirzepatide کی افادیت، اس کے Dual GIP/GLP-1 Receptor Agonist ہونے کی خصوصیت، اور مختلف بین الاقوامی کلینیکل ٹرائلز، خصوصاً SURPASS اور SURMOUNT پروگرامز کے نتائج پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ ساتھ ہی Semaglutide اور دیگر ادویات کے ساتھ اس کا تقابلی جائزہ بھی پیش کیا۔

Tirzepatide نہ صرف ٹائپ 2 ذیابیطس کے مؤثر علاج میں اہم کردار ادا کرتی ہے بلکہ وزن میں نمایاں کمی، فیٹی لیور، موٹاپے سے وابستہ ہارمونل بے ترتیبی، Sleep apnea ، اور قلبی خطرات میں کمی جیسے متعدد فوائد بھی فراہم کرتی ہے۔

البتہ، یہ دوا ہمیشہ مستند معالج، خصوصاً اینڈوکرائنولوجسٹ، کے مشورے سے استعمال کی جانی چاہیے۔

ایسے علمی سیشنز نہ صرف معالجین کے درمیان جدید طبی معلومات کے تبادلے کا ذریعہ بنتے ہیں بلکہ بالآخر اس کا سب سے بڑا فائدہ مریضوں کو پہنچتا ہے، کیونکہ جدید شواہد پر مبنی علاج بہتر طبی نتائج کا باعث بنتا ہے۔

ا
Searle کی طرف سے نیا تیار کردہ Tirzepatide ، جو پاکستان میں دستیاب Tirzepatide برانڈز میں ایک خوش آئند اضافہ ہے۔

Searleفارما کا شکریہ کہ انہوں نے مجھے اس علمی نشست میں اپنے خیالات اور جدید سائنسی شواہد شیئر کرنے کا موقع فراہم کیا۔ امید ہے کہ اس نوعیت کی علمی سرگرمیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی اور ں مریضوں کی بہتر نگہداشت میں معاون ثابت ہوں گی-

گزشتہ روز نجی فارماسیوٹیکل کمپنی Getz Pharma کے تعاون سے PCOS، جس کا نیا نام اب PMOS ہے، کے موضوع پر ایک Executive Consu...
18/08/2026

گزشتہ روز نجی فارماسیوٹیکل کمپنی Getz Pharma کے تعاون سے PCOS، جس کا نیا نام اب PMOS ہے، کے موضوع پر ایک Executive Consultant Panel کا انعقاد کیا گیا۔

اس نشست میں PMOS/PCOS کے نئے نام اور اس سے وابستہ تصور میں ہونے والی تبدیلیوں، بیماری کے مختلف پہلوؤں، انسولین ریزسٹنس، ہارمونل اور جینیاتی عوامل، اور خواتین کی صحت پر اس کے اثرات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

اس کے ساتھ ساتھ وزن میں کمی کے لیے استعمال ہونے والی نئی ادویات، خصوصاً Tirzepatide اور oral Semaglutide، کے کردار اور ان کے ممکنہ فوائد پر بھی تبادلۂ خیال کرنے کا موقع ملا۔

اس نشست کی خاص بات مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہر ڈاکٹرز کی آراء اور تجربات سے استفادہ کرنا تھی۔ ہمیں بھی اپنی رائے اور تجربات شیئر کرنے کا موقع ملا۔

اس طرح کی علمی نشستیں نہ صرف knowledge sharing کا بہترین ذریعہ ہیں بلکہ بیماریوں کے بارے میں نئی آگاہی، جدید علاج کے طریقوں کی سمجھ اور بہتر clinical decision-making میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں—اور بالآخر اس کا فائدہ ہمارے مریضوں کو پہنچتا ہے۔


علم کا تبادلہ، بہتر تشخیص اور جدید علاج — بہتر مریض کیئر کی بنیاد

کیا بچے کے ہاتھ عمر کے لحاظ سے چھوٹے نظر آتے ہیں؟ اس علامت کو نظر انداز نہ کریں!کچھ بچوں کے ہاتھ اور انگلیاں عمر کے مطاب...
02/08/2026

کیا بچے کے ہاتھ عمر کے لحاظ سے چھوٹے نظر آتے ہیں؟ اس علامت کو نظر انداز نہ کریں!

کچھ بچوں کے ہاتھ اور انگلیاں عمر کے مطابق غیر معمولی طور پر چھوٹے دکھائی دیتے ہیں۔ یہ ہمیشہ معمول کی بات نہیں ہوتی۔ بعض اوقات یہ جسم میں ہارمونز کی کمی، نشوونما میں خرابی یا کسی پیدائشی بیماری کی اہم علامت ہو سکتی ہے۔

چھوٹے ہاتھ درج ذیل مسائل کی طرف اشارہ کر سکتے ہیں:

✔️ قد کا کم رہ جانا (Short Stature)

✔️ گروتھ ہارمون کی کمی (Growth Hormone Deficiency)

✔️ بلوغت میں تاخیر (Hypogonadism)

✔️ تھائرائیڈ ہارمون کی کمی (Hypothyroidism)

✔️ بظاہر تاخیرِ نشوونما و بلوغت (Constitutional Delay of Growth & Puberty)

✔️ ٹرنر سنڈروم، نونان سنڈروم یا دیگر جینیاتی بیماریاں(Turner Syndrome etc)

✔️ بعض دیگر اینڈوکرائن (ہارمونل) امراض

اگر بچے کے ہاتھ چھوٹے ہوں اور اس کے ساتھ قد بھی کم ہو، بلوغت میں تاخیر ہو، یا جسمانی نشوونما عمر کے مطابق نہ ہو تو اس کا بروقت معائنہ بے حد ضروری ہے۔

صرف ہاتھ دیکھ کر کسی بیماری کی تشخیص نہیں کی جا سکتی، لیکن یہ ایک اہم علامت ضرور ہو سکتی ہے جسے نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔

صحیح تشخیص کے لیے بچے کا مکمل معائنہ، گروتھ چارٹ، بون ایج یعنی ہڈیوں کی عمر، اور ضرورت پڑنے پر ہارمونز سمیت دیگر ٹیسٹ کیے جاتے ہیں۔ اسی بنیاد پر مناسب علاج کا فیصلہ کیا جاتا ہے۔

اگر آپ کے بچے میں ایسی کوئی علامات موجود ہیں تو بروقت کسی ماہر اینڈوکرائنولوجسٹ سے رجوع کریں۔

ڈاکٹر محمد ساجد چوہدری
اینڈوکرائنولوجسٹ اینڈ ڈائیبیٹولوجسٹ

کنسلٹنٹ فزیشن

دوست پلازہ نشتر روڈ ملتان

یاد رکھیں: بروقت تشخیص سے بہت سی ہارمونل اور نشوونما سے متعلق بیماریوں کا مؤثر علاج ممکن ہے، جبکہ تاخیر بعض اوقات مستقل مسائل کا سبب بن سکتی ہے

31/07/2026

Finally Raining in Multan
May it be a rain of Almighty’s Rehmat and peace Aameen!

جامعہ محد الفقیر کا ایک روحانی دورہپچھلے سال مجھے ازبکستان کے سفر کا موقع ملا، جہاں میں نے سمرقند اور تاشقند جیسے تاریخی...
28/07/2026

جامعہ محد الفقیر کا ایک روحانی دورہ

پچھلے سال مجھے ازبکستان کے سفر کا موقع ملا، جہاں میں نے سمرقند اور تاشقند جیسے تاریخی شہروں کی زیارت کی۔ چونکہ مجھے تاریخ اور سفرنامے پڑھنے کا شوق ہے، اس لیے وطن واپسی پر میری نظر حضرت مولانا حافظ پیر ذوالفقار احمد نقشبندیؒ کے سفرنامے “لاہور تا خاکِ بخارا” پر پڑی۔ میں نے سوچا کہ دیکھوں، ایک صاحبِ نظر نے ان مقامات کو کس زاویے سے دیکھا ہے۔

جب میں نے یہ سفرنامہ پڑھنا شروع کیا تو مجھے بے حد حیرت ہوئی۔ یہ محض ایک سفرنامہ نہیں تھا بلکہ دین اور دنیا کا ایک حسین امتزاج تھا۔ ایک طرف ازبکستان کی تاریخ، تہذیب اور بزرگانِ دین کا تذکرہ تھا، تو دوسری طرف ہر صفحے پر اصلاحِ نفس، اخلاق اور اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع کی ایسی دعوت تھی جو دل میں اترتی چلی جاتی تھی۔ یوں محسوس ہوتا تھا کہ میں صرف ایک سفر کی روداد نہیں پڑھ رہا بلکہ ایک صاحبِ دل کی صحبت میں بیٹھا ہو۔

مطالعے سے معلوم ہوا کہ حضرت پیر ذوالفقار احمد نقشبندیؒ پیشے کے اعتبار سے ایک الیکٹریکل انجینئر تھے، مگر بعد میں اپنی زندگی دین کی خدمت کے لیے وقف کر دی۔ اسی دوران یاد آیا کہ پروفیسر ڈاکٹر غلام مجتبی، ریجنل ڈائریکٹر CPSP، اپنے فیس بک پر ان کے ساتھ ملاقاتوں کی تصاویر شیئر کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے نہ صرف خود بلکہ نشتر میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر راشد قمر راؤ اور پریذڈینٹ پی ایم اے پروفیسر ڈاکٹر مسعود ہراج کے ہمراہ بھی جامعہ محد الفقیر کی زیارت کی تھی۔

میرے دل میں بھی ایک جیتے جاگتے ولی اللہ کی زیارت کی خواہش پیدا ہوئی، مگر یہ خواہش پوری نہ ہو سکی۔
کیونکہ حضرت صاحب ہماری وہاں حاضری سے قبل دنیا سے رحلت فرما گئے - چند روز قبل جب اس خواہش کا ذکر میں نے پروفیسر ڈاکٹر غلام مجتبی صاحب سے کیا تو انہوں نے فرمایا کہ وہ آج بھی جامعہ محد الفقیر جاتے رہتے ہیں، اور اگر میں چاہوں تو ان کے ساتھ چل سکتا ہوں۔ اس دعوت کو میں نے اپنی خوش نصیبی سمجھا-

چنانچہ محرم الحرام کے بابرکت دنوں میں ڈاکٹر غلام مجتبی صاحب، ڈاکٹر ہمایوں ریاض صاحب، ایک معزز دوست اور میں جامعہ محد الفقیر، جھنگ پہنچ گئے۔ جامعہ کا پُرسکون ماحول، خوبصورت جامع مسجد اور علمی و روحانی فضا دل کو چھو گئی۔ نمازِ جمعہ، شیخ الحدیث کا بیان، دعا، مدرسے کا دورہ اور حضرت پیر ذوالفقار احمد نقشبندیؒ کی قبر پر فاتحہ خوانی اس سفر کے یادگار لمحات تھے۔

جامعہ محد الفقیر ایک وسیع و عریض، نہایت خوبصورت اور پُرسکون دینی و تربیتی مرکز ہے۔ کشادہ جامع مسجد، منظم تعلیمی عمارتیں، طلبہ کے لیے رہائشی سہولیات اور ہر طرف طاری سکون و وقار انسان کو دنیا کی ہنگامہ خیزی سے الگ ایک روحانی فضا میں لے جاتا ہے۔ یہاں علم کے ساتھ ساتھ کردار سازی، تزکیۂ نفس اور سنتِ نبوی ﷺ پر عمل کی عملی تربیت بھی دی جاتی ہے، جو اس ادارے کی نمایاں خصوصیت ہے۔

ہم نے جامع مسجد میں نمازِ جمعہ ادا کی، شیخ الحدیث کا نہایت ایمان افروز بیان سنا، بعد ازاں ان سے ملاقات اور دعا کی سعادت حاصل کی۔ پھر حضرت پیر ذوالفقار احمد نقشبندی رحمہ اللہ کی قبر پر حاضر ہو کر فاتحہ خوانی کی اور ان کے لیے دعائے مغفرت کی۔

واپسی پر شورکوٹ کینٹ میں مختصر قیام اور ظہرانے کے بعد ہم ملتان روانہ ہوگئے۔

بظاہر یہ سفر ملتان سے جھنگ تک کا تھا، لیکن حقیقت میں یہ ایک روحانی سفر تھا۔ ازبکستان سے شروع ہونے والی ایک فکری جستجو مجھے جامعہ محد الفقیر تک لے آئی، جہاں یہ احساس مزید پختہ ہوا کہ اللہ تعالیٰ اپنے نیک بندوں کے جانے کے بعد بھی ان کے علم، تربیت اور اخلاص کے ذریعے ان کا فیض جاری رکھتا ہے۔

اللّٰہ تعالیٰ حضرت پیر ذوالفقار احمد نقشبندی رحمہ اللہ پر اپنی بے شمار رحمتیں نازل فرمائے، ان کے درجات بلند فرمائے اور ہمیں بھی اخلاص کے ساتھ دین اور انسانیت کی خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین!

Address

Multan
60000

Telephone

+92614543577

Website

Alerts

Be the first to know and let us send you an email when Dr Sajid Chaudhary posts news and promotions. Your email address will not be used for any other purpose, and you can unsubscribe at any time.

Contact The Practice

Send a message to Dr Sajid Chaudhary:

Shortcuts

Share