07/09/2026
عارفوالہ: دارالفلاح آرفینج میں یومِ دفاعِ پاکستان کی پروقار تقریب، شہداء و غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا
عارفوالہ (رضا زیدی، تحصیل رپورٹر کوہ نور ٹی وی عارفوالہ)
6 ستمبر یومِ دفاعِ پاکستان کے تاریخی موقع پر دارالفلاح آرفینج عارفوالہ میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں افواجِ پاکستان کے عظیم شہداء اور غازیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے کیا گیا، جبکہ اس موقع پر قومی ترانہ بھی پیش کیا گیا۔ تقریب کا مقصد 1965ء کی جنگ کے ہیروز کی لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا اور وطنِ عزیز کی سلامتی، استحکام اور دفاع کے لیے پاک فوج کی خدمات کو سراہنا تھا۔
تقریب میں دارالفلاح کے بچوں نے ملی نغمے، تقاریر اور مختلف خاکے پیش کیے، جن میں ان کے جذبۂ حب الوطنی نے حاضرین کے دل موہ لیے۔ بچوں نے اپنے منفرد انداز میں شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر ادارے کے سرپرستِ اعلیٰ ڈاکٹر سعید شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یومِ دفاع محض ایک دن منانے کا نام نہیں بلکہ یہ اس عزم کی تجدید کا دن ہے کہ قوم اپنے بہادر سپوتوں کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ وطنِ عزیز کی سلامتی، خودمختاری اور دفاع کے لیے پوری قوم متحد ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو ملکی تاریخ، قومی یکجہتی اور وطن سے محبت کے جذبے سے روشناس کرانا ہم سب کی ذمہ داری ہے، تاکہ شہداء کی قربانیوں کی یاد ہمیشہ زندہ رہے۔
تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔