27/12/2025
کیا بچوں کے لیے ٹھنڈی یا گرم خوراک کا پرہیز ضروری ہے؟
ہمارے گھروں میں کئی نسلوں سے ایک مشہور جملہ گونجتا آ رہا ہے:
"آئس کریم مت دو، گلا خراب ہو جائے گا!"
"سردی میں دہی نہ کھاؤ!"
"انڈا گرمیوں میں نقصان دیتا ہے!"
ایسی باتیں اکثر نیک نیتی سے کہی جاتی ہیں، مگر سوال یہ ہے:
کیا ان باتوں کی کوئی سائنسی بنیاد بھی ہے؟ یا یہ صرف روایت پر مبنی احتیاطیں ہیں؟
آئیے چند عام غذائی مفروضات پر سائنسی روشنی ڈالتے ہیں:
1. آئس کریم یا ٹھنڈی اشیاء سے گلا خراب ہونا
حقیقت: اگر بچہ صحت مند ہے، تو آئس کریم یا ٹھنڈی اشیاء سے عموماً کوئی نقصان نہیں ہوتا۔
مسئلہ صرف تب پیدا ہوتا ہے جب مدافعتی نظام کمزور ہو یا پہلے سے گلا حساس ہو۔
2. دہی سردی میں نقصان دہ ہے
حقیقت: دہی ایک مفید probiotic ہے، جو نظامِ ہضم اور مدافعتی نظام کو بہتر بناتا ہے۔
مناسب مقدار میں دیں تو سردیوں میں بھی فائدہ مند ہے۔
3. انڈا گرمیوں میں نہیں کھانا چاہیے
حقیقت: انڈا تمام موسموں میں فائدہ مند ہے۔ اعتدال میں استعمال کیا جائے تو کوئی مضر اثر نہیں۔ بچوں کے لیے پروٹین کا بہت اھم زریعہ ہے۔
4. مچھلی اور دودھ ایک ساتھ لینے سے سفید دھبے (برص) ہو جاتے ہیں
حقیقت: سائنسی تحقیق کے مطابق اس کا کوئی ثبوت موجود نہیں۔ دونوں غذائیں صحت کے لیے مفید ہیں اور ان کا ایک ساتھ استعمال نقصان دہ نہیں۔
نتیجہ:
خوراک کے حوالے سے بہت سے مفروضے وقت، مشاہدے اور ثقافت سے جنم لیتے ہیں، مگر ہر بات پر عمل کرنے سے پہلے ہمیں موجودہ طبی و سائنسی تحقیق کو بھی مدنظر رکھنا چاہیے۔
والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کے جسمانی مزاج، قوتِ مدافعت، موسم، اور صحت کی کیفیت کو مدنظر رکھتے ہوئے خوراک کا انتخاب کریں۔
نہ سختی سے روکنا درست ہے، نہ ہر چیز کی اجازت۔
اعتدال، مشاہدہ، اور سائنسی شعور ہی اصل راہ ہے۔