11/09/2026
اینٹی ڈپریسنٹ دوائیں صرف ڈپریشن کے لیے نہیں ہوتیں !
Antidepressants are not just for depression !
ہمارے پاکستانی معاشرے میں جب کسی مریض کو ڈاکٹر اینٹی ڈپریسنٹ (Antidepressant) دوا تجویز کرتے ہیں تو اکثر مریض یا ان کے اہلِ خانہ فوراً یہ سمجھ لیتے ہیں کہ شاید مریض ڈپریشن یا کسی نفسیاتی بیماری کا شکار ہے۔ یہی غلط فہمی بعض اوقات مریض کو دوا لینے سے ہچکچانے، علاج ادھورا چھوڑنے یا ڈاکٹر پر اعتماد کم ہونے کا سبب بنتی ہے۔
حقیقت یہ ہے کہ اینٹی ڈپریسنٹس صرف ڈپریشن کے علاج کے لیے نہیں ہوتیں۔ جدید طبی تحقیق اور بین الاقوامی گائیڈ لائنز کے مطابق یہ ادویات متعدد اعصابی، جسمانی اور دائمی بیماریوں کے علاج میں بھی مؤثر اور محفوظ سمجھی جاتی ہیں۔
👈 اینٹی ڈپریسنٹس کیسے کام کرتی ہیں؟
یہ ادویات دماغ میں موجود ایسے کیمیائی مادوں (Neurotransmitters) جیسے سیروٹونن اور نورایپی نیفرین کے توازن کو بہتر بناتی ہیں۔ یہی مادے صرف موڈ ہی نہیں بلکہ درد، نیند، اعصابی حساسیت اور بے چینی کو بھی کنٹرول کرتے ہیں۔ اسی وجہ سے یہ ادویات مختلف بیماریوں میں فائدہ پہنچاتی ہیں۔
👈 یہ دوائیں کن بیماریوں میں مؤثر ہو سکتی ہیں؟
1: فائبرومیالجیا (Fibromyalgia): پورے جسم اور پٹھوں کے دائمی درد میں۔ (خصوصاً عورتوں میں)
2: مائگرین (Migraine): بار بار ہونے والے آدھے سر کے درد کی روک تھام کے لیے۔
3: اعصابی درد (Neuropathic Pain): شوگر، عرق النساء (Sciatica) یا دیگر اعصاب کی خرابی سے ہونے والے درد میں ۔۔
4: دائمی جسمانی درد (Chronic Pain): کمر، گردن یا دیگر پرانے درد کے علاج میں۔
5: بے خوابی (Insomnia): بعض مریضوں میں بہتر اور پرسکون نیند کے لیے۔
6:سگریٹ نوشی چھوڑنے میں مدد: بعض مخصوص ادویات نکوٹین کی طلب کم کرنے میں معاون ہوتی ہیں۔
7: بعض مخصوص جنسی مسائل: جیسے قبل از وقت انزال، (ڈاکٹر کے مشورے سے مخصوص افراد میں)
8: فنکشنل ڈسپیپسیا یا آئی بی ایس کے مسائل میں:
گٹ برائن ایکسز کی خرابی کے لیے مخصوص اینٹی ڈپریسنٹ ادویات استعمال کی جا سکتی ہیں۔
9: بعض عورتوں کے مخصوص مسائل:
قبل از حیض شدید علامات (PMDD), ماہواری سے پہلے شدید جسمانی و جذباتی علامات
دائمی شرونی (پیلوک) درد (Chronic Pelvic Pain)
10: پیشاب کی بے اختیاری (Stress Urinary Incontinence)، اور دیگر مسائل میں یہ دوائیں استعمال کی جا سکتی ہیں۔
👈 مریضوں کے لیے چند اہم باتیں
👈 اینٹی ڈپریسنٹ ادویات نشہ آور نہیں ہوتیں :
عام تاثر کے برعکس اکثر اینٹی ڈپریسنٹس نشہ آور نہیں ہوتی لیکن اپنی مرضی سے اچانک ادویات چھوڑنے پر Withdrawal Symptoms جیسے بے چینی، سر درد ہو سکتا ہے۔۔
👈 اثر کرنے میں وقت لگتا ہے:
ان ادویات کا مکمل اثر ظاہر ہونے میں عموماً 2 سے 6 ہفتے لگ سکتے ہیں، اس لیے صبر اور باقاعدگی ضروری ہے۔
👈 خود سے دوا بند نہ کریں:
دوا خود سے شروع، بند یا اس کی خوراک تبدیل نہ کریں، بلکہ دوا شروع کرنے یا چھوڑنے کے لیے ہمیشہ اپنے ڈاکٹر سے مشورہ کریں، خود سے بند کرنے سے جسمانی بے چینی و دیگر مسائل ہو سکتے ہیں ۔
👈 عوام کے لیے اہم پیغام
ہر اینٹی ڈپریسنٹ لینے والا مریض ڈپریشن یا زہنی بیماری کا شکار نہیں ہوتا۔ یہ ادویات دنیا بھر میں کئی اعصابی، جسمانی اور دائمی بیماریوں کے علاج کا ایک اہم اور سائنسی طور پر ثابت شدہ حصہ ہیں۔
لہٰذا اگر آپ کے ڈاکٹر نے اینٹی ڈپریسنٹ دوا تجویز کی ہے تو صرف اس کے نام سے پریشان نہ ہوں، بلکہ اپنے ڈاکٹر سے بلا جھجھک پوچھیں کہ یہ دوا آپ کو کس مقصد کے لیے دی جا رہی ہے۔
صحیح معلومات، بروقت علاج اور اپنے معالج پر اعتماد ہی کامیاب علاج کی بنیاد ہیں۔
مفاد عامہ کے لیے اس پوسٹ کو ضرور شئیر کریں، شکریہ