14/03/2026
پاکستان میں اس وقت دنیا میں سب سے زیادہ انسولین ریزسٹینس (type 2) شوگر کے مریضوں میں شمار ہو رہا ہے۔
تقریباً تین کروڑ سے زیادہ لوگ اس بیماری کا شکار ہیں اور اگر سب کے ٹیسٹ ہو جائیں تو یہ تعداد شاید اور بھی زیادہ نکل آئے۔
وجوہات تو پہلے بھی کئی بار بتا چکا ہوں۔
لیکن ان سب وجوہات میں سب سے بڑی وجہ جہالت ہے۔
اب علاج کے لئے لوگوں کو کیچڑ میں کھڑا کرنے، نمک پانی کے غسل، یا عجیب و غریب ٹوٹکوں کی طرف لے جایا جا رہا ہے۔
ذرا سوچئے
کیا آپ کے باڈی سیلز صرف کیچڑ میں کھڑے ہونے سے دوبارہ انسولین کو پہچاننے لگ جائیں گے؟
انسولین ریزسٹنس ایک میٹابولک مسئلہ ہے
کوئی جلدی بیماری نہیں کہ باہر سے کیچڑ لگانے سے ٹھیک ہو جائے۔
بحرحال وجوہات آپ کو پھر ایک بار بتائے دیتا ہوں۔
سب سے پہلی وجہ
بچپن سے بچوں کو غلط خوراک دینا
پچھلے دنوں کچھ ٹیچرز سے روزانہ بچوں کا لنچ باکس چیک کرنے کو کہا گیا تو اکثر بچوں کے لنچ باکس سے یہ چیزیں نکلیں:
انسٹنٹ نوڈلز
بسکٹ
پاپڑ
چینی لگی روٹی
بریڈ جیم
یا بریڈ پر کوئی میٹھی چیز
یعنی بچے کے جسم کو شروع سے ہی چینی اور ریفائنڈ کاربوہائیڈریٹس کی عادت ڈال دی جاتی ہے۔
حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ:
• ایک سال سے کم بچے کو اضافی شوگر نہیں دینی چاہیے
• تین سال تک زیادہ نمک سے بچانا چاہیے
• اور بارہ سال تک کیفین (چائے، کافی، انرجی ڈرنکس) نہیں دینی چاہیے
لیکن ہمارے ہاں ماؤں کو یہ بنیادی چیزیں بھی معلوم نہیں ہوتیں۔
دوسری بڑی وجہ
کاربوہائیڈریٹس کا بہت زیادہ اور مسلسل استعمال
ناشتہ
روٹی
دوپہر
چاول
شام
بسکٹ اور چائے
رات
پھر روٹی
یعنی پورا دن انسولین کو کام پر لگایا ہوا ہے۔
اس کے مقابلے میں پروٹین انتہائی کم۔
جو سستی پروٹین میسر ہوتی ہے
اس سے بھی لوگ ڈرائے جاتے ہیں۔
جیسے
فارمی چکن
فارمی انڈے
حالانکہ سائنسی طور پر پروٹین کھانے سے انسولین سینسٹویٹی کم ہوتی ہے۔
یعنی مسلز بنتے ہیں اور مسلز ہی آپ کے جسم میں ایک ایسی چیز ہیں جو مسلسل انرجی مانگتے ہیں اور کسی انسولین کے بغیر شوگر جذب کر لیتے ہیں۔
ایک بڑی وجہ
جسمانی حرکت کی کمی بھی ہے۔
ہمارے معاشرے میں کھیل تقریباً ختم ہو چکے ہیں۔
بچوں کے کھیل:
موبائل
نوجوانوں کے کھیل:
موبائل
بڑوں کی ورزش:
کرسی
اگر کوئی بزرگ واک ہی شروع کر دے
تو لوگ پوچھتے ہیں
“خیریت ہے؟ ڈاکٹر نے کچھ کہا ہے کیا؟”
چوتھی وجہ
پیٹ کی چربی
پاکستان میں بہت سے لوگ ایسے ہیں جو وزن میں زیادہ موٹے نہیں ہوتے
لیکن پیٹ نکلا ہوتا ہے۔
یہی چربی سب سے زیادہ انسولین ریزسٹنس پیدا کرتی ہے۔
اور پھر کچھ سال بعد وہی بندہ حیران ہو کر کہتا ہے
“مجھے تو کبھی میٹھا بھی زیادہ پسند نہیں تھا
پھر شوگر کیسے ہو گئی؟”
حقیقت یہ ہے کہ
شوگر اچانک نہیں آتی۔
یہ 10 سے 15 سال کی طرز زندگی کا نتیجہ ہوتی ہے۔
علاج بھی وہی ہے جو وجہ ہے یعنی خوراک درست کریں
جسم کو حرکت دیں بچوں کی غذا درست کریں
پروٹین بڑھائیںاور میٹھے مشروبات کم کریں