10/05/2026
شہید نواب غوث بخش رئیسانی میموریل ہسپتال مستونگ میں لک پاس آتشزدگی کے زخمیوں کا علاج جاری
مستونگ کے علاقے لک پاس میں آتشزدگی کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔ ریسکیو 1122 کی جانب سے زخمیوں کو فوری طور پر شہید نواب غوث بخش رئیسانی میموریل ہسپتال مستونگ منتقل کیا گیا، جہاں تمام زخمیوں کو ایمرجنسی میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق مجموعی طور پر 9 زخمی مریضوں کو ہسپتال لایا گیا، جن میں محمد یاسین ولد عبدالقادر، اسامہ ولد اللہ دتہ، غلام ولد میر بیگ، نقیب اللہ ولد میر محمد رفیق، تنویر احمد ولد نور جان، طاہر شاہ ولد سید شاہ، جنید احمد ولد محمد اسماعیل، یاسر ولد جمال خان اور مرتضی ولد میر بیگ شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایک مریض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے اور ضرورت پڑنے پر اسے کوئٹہ برن یونٹ منتقل کیا جا سکتا ہے، جبکہ دیگر تمام زخمیوں کا علاج ہسپتال کی ایمرجنسی میں جاری ہے اور ان کی حالت قابو میں ہے۔
ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور برن یونٹ سے بھی رابطہ برقرار رکھا گیا ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر مزید معاونت حاصل کی جا سکے۔ مزید برآں ہسپتال کی دو ایمبولینسز تاحال جائے حادثہ پر امدادی خدمات میں مصروف ہیں۔