13/04/2026
آج نیورولوجی کلینک، فاطمہ میموریل ہسپتال میں ایک نوزائیدہ بچے کا معائنہ کیا، جس کی کمر پر پیدائیشی پھوڑا تھا،بچے کی ٹانگوں میں بھی حرکت نہین اور تھی اور سر کا سائز بھی زیادہ تھا جو الٹراساونڈ پر سر میں پانی بتایا گیا تھا ۔ ان تمام مسائل کو ہم نیورل ٹیوب ڈیفیکٹ کہتے ہیں اور اسکی ایک اھم وجہ حاملہ عورت میں فولک ایسڈ کی کمی ہے۔ والدین سے جب پوچھا گیا تو پتا چلا کہ ماں نے حمل کے دوران فولک ایسڈ کا استعمال نہیں کیا تھا۔
فولک ایسڈ کی کمی بچے میں نیورل ٹیوب ڈیفیکٹس پیدا کرنے کا ایک اہم سبب بن سکتی ہے۔
نیورل ٹیوب حمل کے ابتدائی ہفتوں میں بنتی ہے اور یہ دماغ، ریڑھ کی ہڈی اور حرام مغز کی بنیاد فراہم کرتی ہے۔ اگر یہ ٹیوب صحیح طریقے سے بند نہ ہو تو بچے میں شدید نقائص پیدا ہو سکتے ہیں، جیسے کمر پر پھوڑا، سر میں پانی کا جمع ہونا، پاؤں یا نچلے دھڑ میں معذوری، اور بعض صورتوں میں پیشاب یا پاخانے کے کنٹرول میں مسائل۔ یہ نقائص اکثر مستقل نوعیت کے ہوتے ہیں اور بچے میں زندگی بھر کی معزوری کروا سکتے ہیں۔
یہ تمام والدین کے لیے ایک اہم پیغام ہے کیونکہ ہمارے ملک میں کئی حاملہ خواتین حمل کے ابتدائی ہفتوں میں فولک ایسڈ کا استعمال نہیں کرتیں، یا انہیں اس کی اہمیت کا علم نہیں ہوتا۔
ماہرین تجویز کرتے ہیں کہ ہر حاملہ عورت کو حمل کے پہلے تین مہینوں میں روزانہ فولک ایسڈ لینا چاہیے تاکہ بچے کی نیورل ٹیوب کی مناسب تشکیل ہو سکے۔ اگر ماں کے سابقہ بچے میں نیورل ٹیوب ڈیفیکٹ ہوا ہو تو خوراک بڑھا کر چار ملی گرام کر کے حمل کی منصوبہ بندی سے پہلے شروع کرنی چاہیے۔ فولک ایسڈ کے استعمال کا آغاز حمل ٹیسٹ پوزیٹیو آنے کے انتظار سے پہلے کرنا ضروری ہے کیونکہ نیورل ٹیوب کا بننا حمل کے پہلے مہینے میں مکمل ہوجاتا ہے، اور اس وقت تک حمل کے ٹیسٹ سے حمل کنفرم نہی ہو تا ۔
مزید رہنمائی کے لیے والدین کو چاہیے کہ وہ حمل کے دوران متوازن غذا استعمال کریں، جیسے سبز پتوں والی سبزیاں، دالیں، انڈے اور دیگر وٹامن B9 سے بھرپور غذائیں۔ فولک ایسڈ کے استعمال کے لیے ہمیشہ ڈاکٹر یا چائلڈ نیورولوجسٹ کی رہنمائی لیں اور کسی بھی دوا یا سپلیمنٹ کے استعمال سے پہلے مشورہ ضروری ہے۔ بروقت احتیاط، صحیح معلومات اور مناسب رہنمائی بچے کی زندگی اور صحت میں نمایاں فرق ڈال سکتی ہے۔ نیورل ٹیوب ڈیفیکٹس کے زیادہ تر کیسز ابتدائی احتیاط اور فولک ایسڈ کے استعمال سے روکے جا سکتے ہیں۔
ڈاکٹر ارشد محمود
کنسلٹنٹ چائلڈ نیورولوجسٹ
ایگزیکٹو کلینک، فاطمہ میموریل ہسپتال، لاہور