09/07/2026
صوبائی وزیرِ صحت کا برنز، ٹراما اور ری کنسٹرکٹو پلاسٹک سرجری کے مریضوں کے لیے صحت سہولت پروگرام کے جامع پیکیجز کی ضرورت پر زور
پشاور میں پاکستان کے پہلے سپر مائیکروسرجیکل لمفیڈیما سنٹر اور نئے آڈیٹوریم کا افتتاح
پشاور: صوبائی وزیرِ صحت مسٹر خلیق الرحمٰن نے برنز اینڈ پلاسٹک سرجری سنٹر، ایم ٹی آئی پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاکستان کے پہلے سپر مائیکروسرجیکل لمفیڈیما سنٹر اور سنٹر کے نئے آڈیٹوریم کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ پروفیسر ڈاکٹر نورالایمان، چیئرمین بورڈ آف گورنرز، ایم ٹی آئی حیات آباد میڈیکل کمپلیکس، پروفیسر ڈاکٹر شہزاد اکبر، ڈین ایم ٹی آئی حیات آباد میڈیکل کمپلیکس، ہسپتال ڈائریکٹر اور میڈیکل ڈائریکٹر بھی موجود تھے۔
صوبائی وزیرِ صحت کا استقبال برنز اینڈ پلاسٹک سرجری سنٹر کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر تہمید اللہ نے کیا، جنہوں نے انہیں سنٹر میں فراہم کی جانے والی خصوصی طبی سہولیات، حالیہ پیش رفت، پاکستان کے پہلے سپر مائیکروسرجیکل لمفیڈیما سنٹر کے قیام اور برنز، ٹراما اور ری کنسٹرکٹو پلاسٹک سرجری کے مریضوں کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ کے دوران صوبائی وزیرِ صحت نے کہا کہ برنز اور شدید ٹراما کے متاثرین کی اکثریت غریب اور کم آمدنی والے خاندانوں سے تعلق رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مستحق مریضوں کو صحت سہولت پروگرام کے ذریعے بروقت، معیاری اور مکمل علاج کی فراہمی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے تاکہ کوئی بھی مریض مالی مشکلات کے باعث علاج سے محروم نہ رہے۔
وزیرِ صحت نے کہا کہ برنز کا علاج نہایت حساس اور وقت کا تقاضا کرنے والا عمل ہے۔ اس کا علاج صرف ابتدائی طبی امداد تک محدود نہیں بلکہ اس میں ایمرجنسی کیئر، آئی سی یو، بار بار ڈریسنگ، متعدد آپریشنز، ری کنسٹرکٹو پلاسٹک سرجری، بحالیِ صحت اور طویل مدتی فالو اَپ شامل ہوتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صحت سہولت پروگرام کے تحت برنز اور ٹراما کے مریضوں کے لیے ایسے جامع پیکیجز متعارف کرائے جائیں جو علاج کے تمام مراحل کا احاطہ کریں، تاکہ مریضوں کو علاج کے کسی بھی مرحلے پر مالی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
صوبائی وزیرِ صحت نے یقین دلایا کہ وہ برنز اور ٹراما کے مریضوں کو صحت سہولت پروگرام کے تحت بہتر اور جامع علاج کی فراہمی کے لیے ہر ممکن تعاون کریں گے اور اس مقصد کے حصول کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے برنز اینڈ پلاسٹک سرجری سنٹر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر سے آنے والے مریضوں کو خصوصی طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے پہلے سپر مائیکروسرجیکل لمفیڈیما سنٹر کے قیام کو جدید پلاسٹک، مائیکروسرجری اور لمفیڈیما علاج کی خدمات کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔
اس موقع پر برنز اینڈ پلاسٹک سرجری سنٹر کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر تہمید اللہ نے صوبائی وزیرِ صحت کی آمد، خصوصی دلچسپی اور سرپرستی پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ برنز، ٹراما اور ری کنسٹرکٹو پلاسٹک سرجری کے مریضوں کے لیے صحت سہولت پروگرام کے جامع پیکیجز کی منظوری سے ہزاروں مستحق مریضوں کو بروقت، مکمل اور بلا تعطل علاج کی سہولت میسر آئے گی ۔