27/08/2026
خیبر کالج آف ڈینٹسٹری میں گرلز ہاسٹل کے نئے بلاک کا سنگِ بنیاد
پشاور: خیبر کالج آف ڈینٹسٹری میں گرلز ہاسٹل کے نئے بلاک کی تعمیر کا سنگِ بنیاد رکھ دیا گیا۔ تقریب میں صوبائی وزیر صحت خیبرپختونخوا خلیق الرحمان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
نئے گرلز ہاسٹل کی عمارت چھ منزلہ ہوگی، جس میں 28 کمرے تعمیر کیے جائیں گے۔ یہ منصوبہ خیبر کالج آف ڈینٹسٹری کے اپنے بجٹ سے تقریباً 13 کروڑ 36 لاکھ 60 ہزار روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔ منصوبے کا مقصد طالبات کو بہتر، محفوظ اور پُرسکون رہائشی سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ وہ سازگار تعلیمی ماحول میں اپنی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت جاری رکھ سکیں۔
اس موقع پر انصاف ڈاکٹرز فورم خیبرپختونخوا کے صدر ڈاکٹر نبی جان آفریدی، سینئر نائب صدر ڈاکٹر نذیف وزیر , سیکرٹری جنرل ڈاکٹر سردار محمد سعد ایڈیشنل سیکٹری جنرل ڈاکٹر لیاقت وزیر, ہیلتھ پالیسی انچارج ڈاکٹر محمد مشتاق اور سیکٹری لیگل افیر ڈاکٹر تواب یوسفزئی بھی موجود تھے۔
صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمان نے کہا کہ گرلز ہاسٹل کا یہ منصوبہ صرف ایک عمارت کی تعمیر نہیں بلکہ طالبات کو بہتر سہولیات فراہم کرنے، خواتین کو بااختیار بنانے اور صحت کے شعبے کے لیے بہترین افرادی قوت تیار کرنے کے عزم کی عملی عکاسی ہے۔ انہوں نے خیبر کالج آف ڈینٹسٹری کی تعلیمی، تحقیقی، جدید ڈیجیٹل ڈینٹسٹری اور عوامی خدمت کے شعبوں میں کاوشوں کو سراہا۔
بعد ازاں صوبائی وزیر صحت نے خیبر کالج آف ڈینٹسٹری کے مختلف ڈینٹل شعبہ جات کا دورہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی و دندان سازی کی سہولیات کا جائزہ لیا۔ ڈین خیبر کالج آف ڈینٹسٹری پروفیسر ڈاکٹر سید ناصر شاہ نے ادارے میں جاری طبی خدمات، تعلیمی سرگرمیوں، دستیاب سہولیات اور انتظامی امور کے حوالے سے بریفنگ دی۔
بنیادی علوم (Basic Sciences) کے لیے جو ڈیپارٹمنٹ وزیراعلیٰ نے منظور کیا تھا، اس پر وزیرِ صحت نے یقین دہانی کرائی کہ اسے جلد از جلد مکمل کر دیا جائے گا۔
انصاف ڈاکٹرز فورم نے وزیرِ صحت سے درخواست کی کہ خیبر کالج آف ڈینٹسٹری کے موجودہ ہسپتال کا رقبہ بہت کم ہے، اس لیے اسے الگ ہسپتال کی صورت میں بڑی جگہ پر منتقل کیا جانا چاہیے۔ وزیرِ صحت نے کہا کہ ہم اسے ADP اور Non-ADP میں شامل کرنے کے لیے تیار ہیں، آپ ہمیں اس حوالے سے باقاعدہ پروپوزل دے دیں-
صوبائی وزیر صحت نے کالج انتظامیہ کو مریضوں کی بہتر نگہداشت، تعلیمی و تربیتی معیار کو برقرار رکھنے اور طلبہ و طالبات کے لیے محفوظ و سازگار ماحول یقینی بنانے کی ہدایات دیں۔
انصاف ڈاکٹرز فورم خیبرپختونخوا صحت کے شعبے سے وابستہ تعلیمی اداروں میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری، طلبہ و طالبات کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور معیاری طبی تعلیم کے فروغ کے لیے ایسے مثبت اقدامات کو سراہتا ہے۔
ان اقدامات سے نہ صرف ڈینٹسری کی تعلیم کو مزید فروغ ملے گا بلکہ صوبے میں معیاری ڈینٹل ہیلتھ کیئر خدمات کو بھی مزید مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔
انصاف ڈاکٹرز فورم خیبرپختونخوا
میڈیا سیل