09/06/2026
شہید بینظیر بھٹو ٹراما اینڈ ایمرجنسی رسپانس انسٹیٹیوٹ اور ریجنل بلڈ سینٹر کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط
کوئٹہ: محفوظ خون کی فراہمی اور بلڈ ٹرانسفیوژن سروسز کو مزید مؤثر بنانے کے لیے شہید بینظیر بھٹو ٹراما اینڈ ایمرجنسی رسپانس انسٹیٹیوٹ (TERI) اور ریجنل بلڈ سینٹر (RBC) کے درمیان مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے۔
تقریب کے دوران ڈائریکٹر سیف بلڈ ٹرانسفیوژن پروگرام ڈاکٹر افضل زرکون اور ہیڈ آف لیبارٹری ڈاکٹر لیلیٰ زیب نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔
اس شراکت داری کا مقصد مریضوں کو محفوظ، معیاری اور بروقت خون کی فراہمی کو یقینی بنانا، بلڈ ٹرانسفیوژن سروسز کے معیار کو بہتر بنانا اور دونوں اداروں کے درمیان تکنیکی و پیشہ ورانہ تعاون کو فروغ دینا ہے۔
حکام کے مطابق اس اقدام سے ایمرجنسی اور ٹراما مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی میں مدد ملے گی جبکہ محفوظ خون کی دستیابی کے نظام کو مزید مضبوط اور مؤثر بنایا جا سکے گا۔
اس موقع پر ٹراما انسٹیٹیوٹ کی انتظامیہ اور ٹیم کے دیگر اراکین بھی موجود تھے۔